بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان اپنی فلم کی اسکرپٹس کی وجہ سے تنقید کی زد میں آگئے۔
مشہور بھارتی ویب سیریز ’مرزا پور‘ سے شہرت حاصل کرنے والے بھارتی اداکار ایم ایم فاروقی نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں شاہ رخ خان کے اسکرپٹس کے انتخاب پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ شاہ رخ خان کی فلمیں دیکھنے کے بعد لگتا ہے کہ انہیں اسکرپٹ کا انتخاب کرنے کی وہ سمجھ نہیں ہے، جو عامر خان کے پاس ہے۔
ایم ایم فاروقی نے مزید کہا کہ عامر خان مضبوط اسکرپٹس کا انتخاب کرتے ہیں لیکن شاہ رخ خان اسکرپٹ کا انتخاب کرتے ہوئے اکثر ہی معیاری اسکرپٹ کا انتخاب کرنے سے محروم رہتے ہیں۔
اُنہوں نے شاہ رخ خان کی 2018ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’زیرو‘ کے بارے میں بات کی، جس میں اداکار نے ایک بونے کا کردار ادا کیا تھا۔
ایم ایم فاروقی نے وضاحت کی کہ اوسط قد والے انسان کو بونے کا کردار ادا نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ اس طرح کے کاسٹنگ سے کردار میں جان نہیں رہتی۔
انہوں نے شاہ رخ خان کے اسکرپٹ کے انتخاب پر تنقید کرنے کے ساتھ اداکار کی اپنی فلموں کے لیے محنت اور لگن کو بھی تسلیم کیا۔
ایم ایم فاروقی نے کہا کہ شاہ رخ خان نے فلم ’زیرو‘ میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے کردار کو نبھانے کے لیے پوری کوشش کی۔
انہوں نے مشورہ دیا کہ شاہ رخ خان اسکرپٹ کے انتخاب میں کسی دوسرے سے تھوڑی رہنمائی لے لیں تو زیادہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔