دبئی میں شدید گرمی کے دوران گاڑیوں میں آگ لگنے کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں، جس کے بعد دبئی پولیس نے متاثرہ گاڑیوں کی ویڈیوز جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پولیس نے کہا ہے کہ موسمِ گرما میں بلند درجہ حرارت کے باعث گاڑیوں میں آگ لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس لیے تمام گاڑی مالکان اپنی گاڑیوں کی باقاعدہ اور معیاری دیکھ بھال یقینی بنائیں۔
دبئی پولیس نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ گاڑیوں میں صرف معیاری اور اصل پرزے استعمال کیے جائیں اور جعلی یا غیر معیاری اسپیئر پارٹس لگانے سے گریز کیا جائے، کیونکہ ایسے پرزے فنی خرابی اور آتشزدگی کا سبب بن سکتے ہیں۔
پولیس نے مزید ہدایت کی کہ انجن، بیٹری، برقی وائرنگ اور فیول سسٹم کا وقتاً فوقتاً معائنہ کروایا جائے، جبکہ گاڑی میں آتش گیر اشیا یا دباؤ والے کنٹینرز کو شدید گرمی میں چھوڑنے سے بھی اجتناب کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔