• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویمنز ٹی20 ورلڈکپ، آسٹریلیا نے بھارت کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کردیا

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اہم میچ میں آسٹریلیا ویمنز نے بھارت ویمنز کو یک طرفہ مقابلے میں شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔ 

آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اس آخری گروپ میچ میں شکست کے ساتھ ہی بھارتی ٹیم کےلیے سیمی فائنل کا خواب ادھورا رہ گیا۔ 

لارڈز کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں بھارتی ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔ 

کپتان ہرمن پریت کور نے سب سے زیادہ 56 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سمرتی مندانا نے 38 جبکہ شفالی ورما اور جمائما روڈریگز نے 34، 34 رنز بنائے۔ 

آسٹریلیا کی جانب سے صوفی مولینیکس نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 

بھارتی ٹیم کی جانب سے دیے گئے 171 رنز کے ایک بڑے اور چیلنجنگ ہدف کو آسٹریلوی ویمن ٹیم نے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 4 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔

آسٹریلوی بیٹرز نے دباؤ کے باوجود جارحانہ کھیل پیش کیا اور میچ یکطرفہ بنا کر اپنی ٹیم کو 6 وکٹوں سے فتح دلا دی۔

آسٹریلیا کی جانب سے اسٹار بلے باز ایلیسے پیری نے 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ ایشلے گارڈنر 54 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہیں۔ 

بھارت کی جانب سے شری چارانی نے 2 وکٹیں لیں جبکہ دیپتی شرما اور رینوکا سنگھ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 

اس شکست کے ساتھ ہی بھارتی ٹیم ایونٹ سے آؤٹ ہوگئی، آسٹریلیا نے ٹورنامنٹ میں اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ پکی کر لی، جبکہ جنوبی افریقی ٹیم بہتر رن ریٹ اور پوائنٹس کی بنیاد پر گروپ ون سے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہو گئی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید