میرپورساکرو (نامہ نگار) ٹھٹھہ ضلع کے ساحلی علاقے کیٹی بندر، کھارو چھان اور گھوڑا باری تحصیل میں حالیہ بارشوں نے تباہی پھیلا دی ہے۔ جنگ سروے کے مطابق بیلی، گرنار، داندھاری، اداسی، میراں پور،شاہپور، ٹکرو، وکر، اچھ، صدر پل، خلیفا، جنگی سر، میان موسا، مرچھڈائی،دولو شولانی، احمد کناد کتھو دیہات میں سیکڑوں پان ، کیلے ،پولٹری فارم،گنے،دھان اور سبزیوں کے فارم تباہ ہو گئے ہیں اور بہت سارے گاؤں میں تاحال پانی جمع ہے اس لئے لوگوں کی کثیر تعداد گاؤں خالی کر کے چلے گئے ہیں اور مویشی ملیر ضلع کے کوہستانی علاقے میں منتقل کر دیئے ہیں۔ پانی جمع ہونے سے مویشیوں کا چارا ناپید ہے۔راجونی اتحاد کے سربراہ اور گاڑہو ٹاؤن کے چیئرمن خلیفو الہڈنو نے ڈی سی ٹھٹھہ سے ملاقات کر کے ساری صورتحال سے آگاہ کیا تاہم ابھی تک کوئی اقدام نہیں ہوا۔ خلیفو الہڈنو نے مطالبہ کیا ہےکہ ساحلی علاقے کو آفت زدہ قرار دیا جائے۔