سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر کی حالیہ پریس کانفرنس کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے جھوٹ اور پروپیگنڈا پر مبنی قرار دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں ترقیاتی کام نہ ہونے کا دعویٰ حقیقت کے برعکس ہے اور اس طرح کے بیانات عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہیں۔
سعدیہ جاوید کے مطابق جماعت اسلامی کو اپنی توجہ کراچی کے ان ٹاؤنز کی کارکردگی پر دینی چاہیے جہاں ان کے اپنے چیئرمینز موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میئر کراچی نے بھی جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمینز کی کارکردگی کے مسائل کو بے نقاب کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کارکردگی سے جماعت اسلامی بوکھلاہٹ کا شکار نظر آ رہی ہے اور اسی وجہ سے ایسے بیانات دیے جا رہے ہیں۔