امریکا میں اعلیٰ سطح کے سائنسدانوں اور حکام کی پراسرار اموات اور گمشدگیوں کے معاملے پر وائٹ ہاؤس نے ایف بی آئی سمیت متعلقہ اداروں کو تحقیقات میں شامل کر لیا۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولائن لیوٹ کے مطابق حکومت نے ان واقعات کی حقیقت جاننے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حالیہ سوالات اور خدشات کے پیش نظر تمام کیسز کا مشترکہ طور پر جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ کسی ممکنہ تعلق یا مشترکہ پہلو کی نشاندہی کی جا سکے۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب ایک صحافی نے وائٹ ہاؤس بریفنگ میں ان واقعات سے متعلق سوال اٹھایا، جس پر بعد ازاں باضابطہ طور پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق 2024ء سے اب تک متعدد اہم سائنسدان، جو خلائی، جوہری اور ایرو اسپیس پروگرامز سے وابستہ تھے، پراسرار حالات میں ہلاک یا لاپتا ہو چکے ہیں۔
ان میں ریٹائرڈ ایئر فورس جنرل ولیم نیل سمیت دیگر ماہرین شامل ہیں۔
سوشل میڈیا پر ان واقعات کے بعد تشویش میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ کچھ صارفین نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر دشمن عناصر اس میں ملوث ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے بھی اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ توقع ہے کہ یہ واقعات اتفاقی ہو سکتے ہیں، تاہم جلد ہی حقیقت سامنے آ جائے گی۔