• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

‎لیڈز ٹرینٹی یونیورسٹی میں تاریخ میں پہلی بار بین المذاہب افطار ڈنر کا انعقاد

— تصاویر بشکریہ رپورٹر
— تصاویر بشکریہ رپورٹر

لیڈز ٹرینٹی یونیورسٹی میں تاریخ میں پہلی مرتبہ بین المذاہب افطار ڈنر کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف مکاتب فکر اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ 

اس موقع پر باہمی رواداری، مذہبی ہم آہنگی اور سماجی یکجہتی کے فروغ پر زور دیا گیا۔

‎تقریب کے شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دنیا کے مختلف حصوں میں ظلم و ناانصافی کا شکار انسانیت کے لیے ایک آواز ہو کر کھڑے ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ 

مقررین نے کہا کہ رمضان المبارک صرف روزے رکھنے کا مہینہ نہیں بلکہ یہ رحمت، برکت، ہمدردی اور انسانیت کی خدمت کا پیغام بھی دیتا ہے۔

‎افطار ڈنر کی میزبانی ڈاکٹر جاوید بشیر نے کی جبکہ اس موقع پر لیڈز ٹرینٹی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر چارلس ایگبو، لیفٹیننٹ جل آرنڈ ایم بی ای، جے پی، ڈی ایل (بانی چیئرمین یارکشائر چیمپئنز)، ڈاکٹر کلدیپ براج ڈی ایل، او بی ای (صدر رام گرو گردوارہ)، پاکستانی مسیحی برادری کے رہنما ناتھن جاوید، کلئیر نیوہاوس ڈین اور امام عاصم ایم بی ای نے خطاب کیا۔

‎مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان مکالمہ اور احترام معاشرے میں امن، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے مواقع مختلف کمیونٹیز کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور باہمی اعتماد کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

‎افطار ڈنر کے دوران شرکاء نے رمضان المبارک کی روح کو اجاگر کرتے ہوئے باہمی احترام، برداشت اور عالمی امن کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ 

برطانیہ و یورپ سے مزید