• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تہران پہنچ گئے، آئی ایس پی آر

فوٹو: ایرانی میڈیا
فوٹو: ایرانی میڈیا

خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کوششیں عروج پر پہنچ گئی ہیں، ایک جانب وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے دورے پر ہیں تو دوسری جانب آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر ایران سے بات چیت کے لیے تہران پہنچ گئے ہیں۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی تہران میں ملاقات ہوئی، ایران امریکا مذاکرات کے اگلے دور اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے مشاورت کی گئی۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے تہران میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ مذاکرات کیے، وزیر داخلہ محسن نقوی بھی فیلڈ مارشل کے ساتھ تھے۔

مبصّرین کا خیال ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر امریکا کی تجاویز ایران تک اور ایران کا جواب امریکا تک پہنچانے میں موثر ترین کردار ادا کر رہے ہیں اور اسلام آباد میں کچھ دن بعد ہونے والے مذاکرات کے لیے ایسی بنیاد تیار کر رہے ہیں جن پر مذاکرات یقینی طور پر کام یاب ہو سکیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کو اعتماد میں لینے کے مشن پر ہیں جو پاکستان کا ایک بڑا اسٹریٹجک اتحادی ہے۔ ان کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات بھی ہو گی جس کے بعد وزیراعظم ترکیہ جائیں گے جو خطے کا ایک اور اہم کھلاڑی ہے۔

منگل کو امریکی صدر ٹرمپ نے اسلام آباد میں مذاکرات کا ایک اور دور ہونے کی نوید سنائی تھی۔

اسلام آباد سے جیو نیوز کے نمائندے ایاز اکبر کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور اگلے ہفتے کے آخر میں ہونے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے انتظامیہ اورسیکیورٹی اداروں کو تیاریوں کی ہدایت جاری کی جا چکی ہے۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات کے اگلے دور میں بھی امریکی وفد کی نمائندگی نائب صدرجے ڈی وینس،اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کریں گے۔ ایران کی جانب سے مجلس کے اسپیکر باقر قالیباف اور وزیرخارجہ عباس عراقچی نمائندگی کریں گے۔

پاکستان ان مذاکرات میں ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل آرمی چیف سید عاصم منیر ثالث کے طور پر مذاکرات میں شریک ہوں گے۔

اس سے پہلے ایرانی وزارت کارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بتایا تھا کہ پاکستان کے ذریعے امریکا سے پیغامات کا تبادلہ کیا جارہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات کے تسلسل میں ایران آج پاکستانی وفد کی میزبانی کرے گا۔

قومی خبریں سے مزید