اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے مافیا کو اربوں کا فائدہ پہنچا۔
اسلام آباد سلمان اکرم راجا کے ہمراہ پریس کانفرنس میں محمد زبیر نے کہا کہ مافیا کے پاس پیٹرول پرانی قیمت میں دستیاب تھا، ایران امریکا جنگ سے ہمیں اندازہ تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت کے بڑھنے سے مافیا کو اربوں کا فائدہ پہنچا، مافیا نے 60 سے 65 ڈالر فی بیرل خرید کر 80 سے 85 ڈالر فی بیرل فروخت کیا۔
سابق گورنر سندھ نے مزید کہا کہ 3 ہفتوں میں پیٹرول کہ قیمت انتہائی درجے پر پہنچ گئی، ہم نے بطور اپوزیشن اس پر بھرپور آواز اٹھائی۔ پیٹرول کے ساتھ ڈیزل کی قیمت میں بھی بڑا اضافہ ہوا، جو ڈیزل یہاں ریفائن ہوتا ہے، اس پر بھی بین الاقوامی قیمت لگائی گئی۔
اپوزیشن اتحاد کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ عوام کو جواب دیں کس وزیر مشیر کے کہنے پر یہ فیصلے لیے گئے، سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ اس وقت معاشی حالات نہایت گھمبیر ہیں، عام غریب آدمی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، بطور اپوزیشن پارٹیز حقیقت عوام کے سامنے لانا ہمارا فرض ہے۔