پاکستان تحریکِ انصاف نے بانئ پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے 6 رہنماؤں کے نام کی فہرست جیل حکام کو ارسال کر دی۔
فہرست میں بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ کے نام شامل ہیں، ان کے علاوہ لطیف کھوسہ، بابر اعوان، حامد خان، انتظار پنجوتھا کے نام بھی شامل ہیں۔
پی ٹی آئی کے یہ رہنما کل اڈیالہ جیل پہنچ کر بانئ پی ٹی آئی سے ملاقات کریں گے، جس میں پارٹی امور اور موجودہ سیاسی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال متوقع ہے۔
اس سے قبل اڈیالہ جیل میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقات کروائی گئی تھی۔
منگل کے روز سابق وزیرِ اعظم جیل کانفرنس روم میں اہلیہ کے ہمراہ آدھا گھنٹہ رہے، ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی اور مقدمات پر تبادلۂ خیال کیا۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں میاں بیوی کی ملاقات جیل مینول کے مطابق ہر منگل کو کروائی جاتی ہے۔