• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آنتوں کا کینسر 50 سال سے کم عمر افراد میں کینسر سے اموات کی بڑی وجہ

علامتی فوٹو
علامتی فوٹو

نئے اعداد و شمار میں انکشاف کیا گیا ہے کہ آنتوں کا کینسر اب 50 سال سے کم عمر افراد میں کینسر سے ہونے والی اموات کی بڑی وجہ بن گیا ہے۔

ماہرین نے آنتوں کے کینسر کے کیسز میں ’’سونامی‘‘ جیسے اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اس ماہ امریکن کینسر سوسائٹی (اے سی ایس) کی جانب سے شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا کہ یہ بیماری، جسے کولوریکٹل کینسر بھی کہا جاتا ہے، 20 سے 49 سال کی عمر کے افراد کو غیر معمولی حد تک ہلاک کر رہی ہے۔

اس تشویشناک تحقیق کے مطابق ہر سال تقریباً 3 فیصد نوجوان بالغ افراد میں آنتوں کے کینسر کی تشخیص میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ 2026 میں امریکا میں 158,850 نئے کیسز اور 55,230 اموات متوقع ہیں۔

گزشتہ سال کے تجزیوں سے یہ بھی سامنے آیا کہ برطانیہ، آسٹریلیا اور کینیڈا سمیت کئی ممالک میں 50 سال سے کم عمر افراد میں آنتوں کے کینسر کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے، جس کے باعث اس بیماری میں اضافے پر خدشات بڑھ رہے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ واضح ہو چکا ہے کولوریکٹل کینسر کو اب صرف عمر رسیدہ افراد کی بیماری نہیں کہا جا سکتا۔

کینسر ریسرچ یوکے کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں 25 سے 49 سال کے افراد میں مجموعی طور پر کینسر کی تشخیص کی شرح میں 24 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اگرچہ ماہرین کا ماننا ہے کہ اس رجحان کی ایک وجہ بڑھتی ہوئی آبادی اور بہتر تشخیصی نظام بھی ہو سکتا ہے، لیکن تشویش برقرار ہے۔

اے سی ایس کی حالیہ تحقیق میں امریکی آبادی کے کینسر کے اعداد و شمار اور اموات کی شرح کا تجزیہ کیا گیا، جس سے معلوم ہوا کہ 2004 کے بعد سے آنتوں کے کینسر سے اموات میں ہر سال ایک فیصد اضافہ ہو رہا ہے۔

ابھی تک یہ واضح نہیں کہ اس اضافے کی بنیادی وجہ کیا ہے، لیکن حالیہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ زیادہ چکنائی اور کم فائبر والی غذا قبض کا باعث بنتی ہے، جس سے فضلہ نچلی آنت میں زیادہ دیر تک رہتا ہے اور بیکٹیریا خلیوں کے ڈی این اے کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

پروسیسڈ گوشت اور ماحولیاتی آلودگی جیسے زرعی ادویات (پیسٹی سائیڈز) بھی ممکنہ سرطان پیدا کرنے والے مادوں کی نمائش میں اضافہ کرتے ہیں، جو ریکٹم میں جمع ہونے والے فضلے کے ذریعے اثر انداز ہوتے ہیں۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ لوگ کینسر کے خطرے کو کم کرنے کے لیے کئی احتیاطی تدابیر اختیار کر سکتے ہیں۔ مثلاً پودوں اور فائبر سے بھرپور غذا کھانا، صحت مند وزن برقرار رکھنا، جسمانی طور پر متحرک رہنا، تمباکو نوشی سے پرہیز کرنا، الکحل کا استعمال ترک کرنا اور ذہنی دباؤ کو کنٹرول کرنا شامل ہیں۔

صحت سے مزید