• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداکارہ فضا علی نے تیسری شادی کرلی

تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا
تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

معروف پاکستانی اداکارہ و میزبان فضا علی نے اپنی تیسری شادی کا اعلان کرتے ہوئے مداحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیا، انہوں نے اعجاز خان کے ساتھ ایک سادہ اور قریبی تقریب میں شادی کی۔

اداکارہ نے عیدالفطر کے پہلے دن اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شوہر اور بیٹی کے ہمراہ تصاویر شیئر کیں، جس میں وہ ایک خوبصورت فیملی فوٹو شوٹ میں نظر آئیں۔

 تصاویر میں فضا علی نے سیاہ لباس کے ساتھ براؤن کڑھائی والا دوپٹہ اوڑھ رکھا تھا، جبکہ ان کے شوہر نے سادہ کُرتا شلوار کے ساتھ سیاہ کوٹ زیب تن کیا۔

فوٹو شوٹ میں دونوں نے ہاتھوں پر مہندی سے ایک دوسرے کے نام بھی لکھوائے، جبکہ فضا علی نے پھولوں کا ہیڈ پیس اور سادہ زیورات پہن رکھے تھے۔

اپنی پوسٹ میں فضا علی نے جذباتی انداز میں لکھا کہ41 سال کی عمر میں اللّٰہ نے مجھے وہ خوشی اور محبت عطا کی جس کا میں انتظار کر رہی تھی، آج مجھے میرا جیون ساتھی مل گیا، الحمدللہ۔

انہوں نے اپنی بیٹی فرال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ میری سب سے بڑی طاقت ہے اور کم عمری کے باوجود اس نے اس فیصلے کو خوشی سے قبول کیا بلکہ شادی میں میرا ساتھ بھی دیا۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ اب میں صرف فضا علی نہیں بلکہ مسز اعجاز خان ہوں اور مداحوں سے اپنی نئی زندگی کے لیے دعاؤں کی درخواست کرتی ہوں۔

واضح رہے کہ فضا علی پاکستان کی معروف اداکارہ اور میزبان ہیں، جو اپنے ڈراموں اور مارننگ و رمضان ٹرانسمیشنز کے باعث شہرت رکھتی ہیں، حالیہ رمضان میں بھی وہ اپنی متنازع ویڈیوز کی وجہ سے خبروں میں رہیں۔

عیدالفطر کے موقع پر اس اچانک اعلان نے مداحوں کو حیران کر دیا، جبکہ سوشل میڈیا پر انہیں نئی زندگی کے آغاز پر مبارکبادیں دی جا رہی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید