کراچی (نیوز ڈیسک) مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کے حملے، گھروں اور گاڑیوں کو آگ لگا دی، متعدد فلسطینی زخمی، عیدالفطر کے دوران تشدد میں اضافہ، جنین کے متعدد علاقوں میں جھڑپیں، قریبی دیہات میں رات کے اندھیرے میں مکانات نذرِ آتش کیے گئے۔ ان کارروائیوں میں اسرائیلی فورسز و آبادکاروں کے ہاتھوں ایک سال میں ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے، انسانی حقوق تنظیموں کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں فلسطینیوں کو بیدخل کرنیکی منظم کوشش کا حصہ ہیں، عرب میڈیا کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں نے جنین کے جنوب میں واقع علاقوں الفنڈقومیہ اور سیلت الظہر پر حملے کرتے ہوئے گھروں اور گاڑیوں کو آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جبکہ کئی مکانات کو نقصان پہنچا۔ مقامی ذرائع کے مطابق آبادکاروں نے مکانات پر دھاوا بول کر شیشے توڑے اور آگ لگائی جبکہ رہائشیوں نے آگ بجھانے اور مزاحمت کی کوشش کی۔ اسی دوران الخلیل کے جنوب میں مسافر یطا کے علاقے میں بھی حملے میں دو فلسطینی زخمی ہوئے اور تین کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ مختلف دیگر علاقوں میں بھی پتھراؤ اور تشدد کے واقعات پیش آئے۔ یہ حملے عیدالفطر کے موقع پر کیے گئے اور حالیہ مہینوں میں بڑھتے ہوئے آبادکار تشدد کا حصہ ہیں۔