پاکستان کی معروف فلمی اداکارہ ریشم کا کہنا ہے کہ مجھے خوف ہے کہ کوئی محض شہرت کے لیے مجھ سے شادی نہ کرے۔
حال ہی میں اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی کے حوالے سے بات چیت کی۔
ریشم نے گفتگو کے دوران بتایا کہ میں طویل عرصے سے مسلسل کام کر رہی ہوں۔ ایک خود مختار اور محنتی خاتون ہونے کے ناطے میں شکر گزار ہوں، تاہم مجھے لگتا ہے میری قسمت میں کسی مرد کی کمائی نہیں۔
اداکارہ اب تک غیر شادی شدہ ہیں اور ان کے مطابق وہ ہمیشہ یہ سوچتی رہیں کہ زندگی کے کسی نہ کسی مرحلے پر شادی ہو جائے گی، جو تاحال ممکن نہیں ہو سکی۔
انہوں نے موجودہ دور میں شادیوں کے جلد ٹوٹ جانے کے رجحان پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
ریشم پہلے ہی خیراتی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں اور لنگر تقسیم کرتی ہیں، اور چاہتی ہیں کہ ان کا شریکِ حیات بھی اس مشن میں ان کا ساتھ دے۔
اداکارہ نے اپنی خواہش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک اچھے انسان سے شادی کرنا چاہتی ہوں۔ خواہش ہے کہ ایک ایسے شخص سے شادی ہو جو کھلے دل سے مجھے مالی وسائل فراہم کرے تاکہ میں اس رقم کو لنگر اور دیگر فلاحی کاموں پر خرچ کر سکوں۔
ریشم نے اپنے خدشات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس بات کا خوف ہے کہ کوئی شخص محض شہرت حاصل کرنے کے لیے مجھ سے شادی نہ کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے اس دور میں ایسے رجحانات عام ہو چکے ہیں، اور میں کسی ایسے شخص کے ساتھ زندگی گزارنے کا تصور نہیں کر سکتی جو چند دن کی شہرت کے بعد مجھے چھوڑ دے۔