• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تصویر بشکریہ رائٹرز نیوز ایجنسی
تصویر بشکریہ رائٹرز نیوز ایجنسی

برطانیہ میں پیٹرول بحران کے خدشے کے پیشِ نظر حکومت 30 پاؤنڈ فیول کی حد مقرر کرنے پر غور کرنے لگی۔

برطانیہ میں پیٹرول بحران کے خدشات کے پیشِ نظر حکومت نے ہنگامی منصوبوں پر غور شروع کردیا ہے جن کے تحت گاڑیوں کے لیے ایک وقت میں صرف 30 پاؤنڈ تک ایندھن خریدنے کی حد مقرر کی جا سکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی حکومت نے ممکنہ ایندھن کی قلت سے نمٹنے کے لیے پرانے ہنگامی قوانین کے تحت پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی کو محدود کرنے کے منصوبوں کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔

ان منصوبوں کے تحت ’میکسیمم پرچیز اسکیم‘ نافذ کی جا سکتی ہے جس کے تحت ہر ڈرائیور ایک بار میں تقریباً 30 پاؤنڈ تک ہی فیول خرید سکے گا۔

ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد قلت کی صورت میں ایندھن کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانا اور عوام میں گھبراہٹ کے باعث ہونے والی ذخیرہ اندوزی کو روکنا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام فی الحال صرف احتیاطی نوعیت کا ہے اور ملک میں فوری طور پر کسی ایندھن بحران کا خطرہ نہیں۔

حکومتی منصوبے کے مطابق اگر ہنگامی صورتحال پیدا ہوتی ہے تو ضروری خدمات کو ترجیح دی جائے گی جن میں ایمبولینس، پولیس، فائر بریگیڈ، پبلک ٹرانسپورٹ اور خوراک کی ترسیل شامل ہیں۔

دوسری جانب عالمی سطح پر کشیدگی اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث برطانیہ میں بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں گزشتہ ڈیڑھ سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں جس کے باعث حکومت نے پیشگی اقدامات کو ضروری قرار دیا ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر عالمی سپلائی چین متاثر ہوئی یا مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھی تو ایسے ہنگامی اقدامات کو عملی جامہ پہنایا جا سکتا ہے تاہم فی الحال عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

واضح رہے کہ برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ ملک کا فیول سپلائی نظام مضبوط ہے اور یہ تمام اقدامات صرف ممکنہ بحران سے نمٹنے کی تیاری کا حصہ ہیں۔

برطانیہ و یورپ سے مزید