راولپنڈیز کے کھلاڑی سعد مسعود نے کہا ہے کہ نئی ٹیم ہونے کے باوجود بہترین کارکردگی دکھانے اور چیمپئن بننے کی کوشش کریں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیم کی تیاری اچھی جا رہی ہے اور وارم اپ میچ بھی کھیل چکے ہیں، بطور آل راؤنڈر تینوں شعبوں میں بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کرتا ہوں تاکہ ٹیم کو ہر لحاظ سے فائدہ پہنچا سکوں۔
انہوں نے کہا کہ مقابلے کا ہونا ایک مثبت بات ہے کیونکہ اس سے کھیل میں بہتری آتی ہے اور کھلاڑیوں کو خود کو منوانے کا موقع ملتا ہے۔
کراؤڈ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شائقین میچز کو مس کریں گے اور راولپنڈی کے فینز بھی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے بے تاب ہوں گے، ٹیم کی کوشش ہو گی کہ انہیں مایوس نہ کیا جائے۔
کپتان محمد رضوان کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ کھلاڑیوں کو بھرپور سپورٹ کرتے ہیں اور ہمیشہ یہی کہتے ہیں کہ اپنا 100 فیصد دیں۔
سعد مسعود کا کہنا تھا کہ ٹیم کا پہلا ہدف یہی ہے کہ راولپنڈیز اپنے پہلے سیزن میں اچھی کارکردگی دکھائے اور چیمپئن بننے کی کوشش کرے۔
سوشل میڈیا کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ اسے دیکھتے تو ہیں لیکن زیادہ نہیں، تاہم تنقید سے کچھ حد تک دباؤ ضرور محسوس ہوتا ہے۔