پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان براہ راست یا بالواسطہ کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے دوست ممالک تہران اور واشنگٹن کے درمیان بات چیت کی بنیاد ڈالنا چاہتے ہیں، اُمید ہے دوست ممالک کی کوششیں کامیاب ہو جائیں گی۔
ایرانی سفیر کا کہنا ہے کہ دوست ممالک جارحیت کے خاتمے کے لیے فریقین سے رابطے میں رہتے ہیں، میری معلومات کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان اب تک کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔
دوسری جانب ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ مختلف ممالک ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی پیشکش کر رہے ہیں، ایران مختلف ممالک کے پیغامات کا جواب دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کا مؤقف واضح ہے کہ وہ اپنا دفاع جاری رکھے گا، امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے دوران مذاکرات کی باتیں قابل یقین نہیں۔
اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ عباس عراقچی پاکستانی ہم منصب اور دیگر ممالک کے سفارت کاروں سے رابطے میں ہیں۔