مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے ایران کی طرف سے امریکی تجاویز مسترد کیے جانے پر ردعمل دیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں مصری وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم اپنی کوششیں جاری رکھیں گے، یہ معاملہ سفارت کاری اور مذاکرات کا ہے، ایران کے لیے امریکی منصوبے کی وضاحت نہیں کرسکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مصر، پاکستان، ترکیے اور دیگر بین الاقوامی، علاقائی شراکت داروں کے درمیان کوششیں جاری ہیں۔ کشیدگی میں کمی کے لیے ایران سے متعلق کسی بھی ملاقات کی میزبانی کے لیے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ ایران نے جنگ بندی کے لیے امریکی تجاویز مسترد کردیں اور اپنی پانچ شرائط سامنے رکھ دی ہیں۔
ایرانی پریس ٹی وی کے مطابق ایرانی حکام نے کہا ہے کہ جنگ بندی کا فیصلہ صرف ایران کی شرائط پر ہوگا، جنگ کے خاتمے کی پہلی شرط حملوں اور ایرانی عہدیداروں کے قتل کا رُکنا ہے۔
حکام کا مزید کہناہے کہ ایران میں جنگ کے نقصانات کا تعین اورادائیگی کی ضمانت دی جائے، ایران پر جاری جنگ اور خطے میں دیگر مزاحمتی گروپوں کے خلاف جنگ روکی جائے۔ آبنائے ہرمز پر ایران کی خودمختاری تسلیم کی جائے۔
ایران نے امریکی تجاویز پر اپنا ردعمل پاکستان کو بھیج دیا، اس سے پہلے پاکستان نے جنگ بندی کے لیے امریکی مطالبات ایران کو پہنچائے تھے۔