شاعری……
ایک بڑے پبلشر نے میری شاعری سن کر کہا تھا،
سو نظمیں کہہ لو تو کتاب چھاپ دوں گا، ڈوڈو نے بتایا۔
پھر کتنی نظمیں ہوگئیں، میں نے پوچھا۔
محبت میں ناکامی پر کافی دن اداس رہا۔
اس عرصے میں پچیس نظمیں کہیں۔
کئی ماہ بے روزگار رہا۔
غربت کے عالم میں پچیس نظمیں کہیں۔
پھر شادی ہوگئی تو پریشانی میں پچیس نظمیں کہہ ڈالیں، ڈوڈو نے آپ بیتی سنائی۔
یعنی پچیس نظمیں رہ گئیں؟ میں نے تبصرہ کیا۔
یہ بھی جلد پوری ہونے والی ہیں،
ڈوڈو نے بتایا،
بس دعا کرو کہ جنگ ایک دو ہفتے اور چلتی رہے۔