معروف ہدایت کار بابر جاوید نے انکشاف کیا ہے کہ 2026ء کی بڑے بجٹ اور رومانس سے بھرپور ڈرامہ سیریل ’ہمراہی‘ بین الاقوامی معیار کو مدنظر رکھ کر تیار کی گئی ہے اور اسے ترک زبان میں بھی ڈب کیا جا رہا ہے تاکہ عالمی ناظرین تک پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی صلاحیت پہنچائی جا سکے۔
’جنگ ڈیجیٹل‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بابر جاوید نے بتایا کہ ڈرامے کی شوٹنگ لندن، امریکا، ترکیہ، مری اور کراچی کی شاندار لوکیشنز پر کی گئی ہے جس کے ذریعے ناظرین گھر بیٹھے مختلف ممالک کی جھلک دیکھ سکیں گے۔
ان کے مطابق ’ہمراہی‘ رومانس، تجسس اور ایکشن سے بھرپور کہانی ہے جس کے ہر منظر میں سسپنس شامل رکھنے کی کوشش کی گئی ہے جبکہ روایتی ساس بہو کے موضوعات سے ہٹ کر نئی طرز کی پیشکش کی گئی ہے۔
ڈرامے میں دانش تیمور اور حبا بخاری مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جن کی آن اسکرین جوڑی ماضی میں ’دیوانگی‘ اور ’جاں نثار‘ جیسی کامیاب سیریلز سے بے حد مقبول ہو چکی ہے۔
بابر جاوید کے مطابق ڈرامے کی بھرپور پروموشن کی گئی اور اس کے ٹریلر نے عالمی سطح پر خاصی توجہ حاصل کی ہے جبکہ پہلی قسط نے نشر ہوتے ہی ناظرین کی پزیرائی حاصل کی ہے۔
’ہمراہی‘ کو زنجبیل عاصم نے تحریر کیا ہے جنہوں نے محبت، شدت اور جذبات کو مؤثر انداز میں کہانی کا حصہ بنایا ہے۔
جیو اور بابر جاوید کی مشترکہ پیشکش یہ ڈرامہ ایک منفرد رومانوی داستان کے طور پر ناظرین کو جذبات کی نئی دنیا سے روشناس کرا رہا ہے۔
اداکاروں کی مضبوط اداکاری اور کیمسٹری کے باعث توقع کی جا رہی ہے کہ ’ہمراہی‘ بھی مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کرے گا۔