ایرانی بحریہ کے کمانڈر شہرام ایرانی نے کہا کہ میزائل حملوں سے امریکی طیارہ بردار جنگی جہاز ابراہم لنکن سیکڑوں میل پیچھے ہٹ گیا۔
شہرام ایرانی نے واضح طور پر کہا کہ اگر امریکی طیارہ بردار جہاز ابراہم لنکن ایران کے میزائل رینج میں داخل ہوا تو اسے نشانہ بنایا جائے گا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہُرمُز کے اطراف کے پانیوں پر ہمارا مکمل قبضہ ہے، آبنائے ہُرمز کا مشرقی علاقہ اور بحیرہ عمان ایرانی بحریہ کے مکمل قبضے میں ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایران اس امریکی کیریئر گروپ ابراہم لنکن کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور پہلے بھی اس پر حملے کے دعوے کر چکا ہے، تاہم امریکا نے اکثر ان دعوؤں کو مسترد کیا اور کہا ہے کہ میزائل ہدف کے قریب بھی نہیں پہنچے۔
امریکی بحری جہاز ابراہم لنکن اس وقت مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی موجودگی کا اہم حصہ ہے اور ایران کے ساتھ بڑھتی کشیدگی میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کے سب سے اہم بحری راستوں میں سے ایک ہے جہاں سے دنیا کا تقریباً 20 فیصد تیل اور ایل این جی کی ترسیل ہوتی ہے۔