اسرائیلی پولیس نے پام سنڈے کے موقع پر کیتھولک چرچ کے اعلیٰ مذہبی رہنما کارڈینل پیئرباتیسٹا پیزابالا کو چرچ آف دی ہولی سیپلکر میں داخل ہونے سے روک دیا جس پر عالمی سطح پر شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔
کیتھولک چرچ کے مطابق لاطینی پیٹریارک یروشلم کارڈینل پیئرباتیسٹا پیزابالا اور چرچ کے سرکاری نگران فرانسِسکو ایلپو کو پام سنڈے کی عبادت کی قیادت کے لیے چرچ میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔
چرچ نے اپنے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ صدیوں میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ چرچ کے سربراہان پام سنڈے کی عبادت ادا نہ کر سکے۔
دوسری جانب اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ جاری جنگ کے باعث سیکیورٹی خدشات پیدا ہوئے جس کی وجہ سے یروشلم کے مقدس مقامات کو عارضی طور پر بند کرنا پڑا۔
اسرائیلی پولیس کے مطابق پرانے شہر کی تنگ گلیاں ہنگامی امدادی کارروائیوں کے لیے مشکل ہیں اور بڑے اجتماعات انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔
اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ کارڈینل کو روکنے کا فیصلہ بدنیتی پر مبنی نہیں بلکہ ان کی حفاظت کے پیشِ نظر کیا گیا کیونکہ حالیہ عرصے میں مقدس مقامات کو ایران کی جانب سے نشانہ بنانے کی کوششیں کی گئی ہیں۔
دوسری جانب کیتھولک چرچ نے اس اقدام کو غیر مناسب اور مذہبی آزادی کے اصولوں کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ عبادت کی آزادی اور تاریخی مذہبی انتظامات کی خلاف ورزی ہے۔