• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوہدری نثار بتائیں ایان اور ڈاکٹر عاصم کی سفارش لیکر کون آیا، پیپلزپارٹی

کراچی (ٹی وی رپورٹ، اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی کے رہنمائوں نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ چوہدری نثار بتائیں ایان علی اور ڈاکٹر عاصم حسین کی سفارش لیکر کون آیا تھا، چوہدری نثار تاریخ کے ناکام ترین وزیر داخلہ ہیں، حکومت اپنی ناکامی سے توجہ ہٹانے کیلئے ہم سے لڑائی لڑ رہی ہے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ذہنی طور پر بیمار ہیں۔ پریس کانفرنسوں کے علاوہ انکے پاس کوئی کام نہیں ۔وہ جھوٹ بو ل کر اپنی ناکامیاں چھپا رہے ہیں۔ اگر چوہدری نثار علی خان صحیح کام کرتے تو آج ملک میں قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد ہورہا ہوتا اور دہشت گردی بھی نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار علی کا پیپلز پارٹی پر الزام تراشیوں کا جواب قومی اسمبلی کے اجلاس میں دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک پہلے ہی دہشت گردی جیسے مسائل سے دوچار ہے۔ وزیراعظم اس بات کا جائزہ لیں کہ چوہدری نثار علی خان کے بیانات اور الزامات جمہوریت کے خلاف سازش تو نہیں۔ چوہدری نثار علی خان ایسے بیانات دے کر ملک میں سیاسی افراتفری پیدا کرنا چاہتے ہیں۔  وہ ہفتہ کو اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کر رہے تھے۔ علاوہ ازیں میڈیا رپورٹس کے مطابق خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وکلاء تحریک کے دوران جو لیڈر اعتزاز احسن سے ملکر تجاویز دیتا تھا اب وقت آگیا ہے کہ اعتزاز احسن یہ حقیقت عوام کو بتا دیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حقیقت کا مجھے اور اعتزاز احسن کو پتہ ہے ۔ اعتزاز احسن سے اپیل ہے کہ وہ حقیقت عوام کو بتادیں۔ جو مجھے بھی پتہ ہے کہ کونسا لیڈر ملتا تھا اور تجاویز دیتا تھا۔ علاوہ ازیں سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اور پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے چوہدری نثار کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوہدری نثار کی پیپلز پارٹی سے دشمنی ڈھکی چھپی نہیں ،ان کے پاس سفارش کےلئے کون پاگل جائے گا،ایان علی اور ڈاکٹرعاصم کی رہائی کی بات وزیر داخلہ نے خود بنائی ہے،وزیر داخلہ اس کا نام بتائیں جو سفارش کےلئے گیا تھا،ایان علی اور بلاول بھٹو کے ٹکٹ کا معاملہ محض اتفاق بھی ہو سکتا ہے ،چوہدری نثار میرا ایل پی جی کوٹہ مسترد کردیں ،موجودہ حکومت ٹانکے کی سرکار ہے، اربوں ڈالر کے ٹانکے لگاتی ہے۔دوسری جانب وزیر اعلی سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہاہے کہ چوہدری نثار علی خان کے بیان کی میری نظر میں کوئی اہمیت نہیںہے ۔ ان کی تقریر سے متعلق پیپلز پارٹی کا مشترکہ موقف سامنے لایا جائے گا۔ جب وہ تقریر کررہے تھے میں اس وقت مدینے میں پاکستان کے لئے دعائیں کررہا تھا۔ وہ ہفتہ کو وفاق ایوانہائے صنعت وتجارت (ایف پی سی سی آئی)میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ ادھر اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ چوہدری نثار علی خان کا دماغی توازن درست نہیں ہے ۔ ہفتہ کو سندھ اسمبلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار اچانک سو کر اٹھتے ہیں اور پریس کانفرنس کر ڈالتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ صرف الزامات لگاتے ہیں اور الزام لگانا ہم بھی جانتے ہیں لیکن ہم ایسا نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار اپنے وزیر اعظم کی بات بھی نہیں سنتے اور اپنے ساتھی وزراء سے بھی ان کے تعلقات اچھے نہیں ہیں ۔ ایسے آدمی کی باتوں پر کیا تبصرہ کیا جائے۔
تازہ ترین