بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر یوراج سنگھ نے پہلی بار کُھل کر اپنے والد یوگ راج سنگھ کے متنازع بیانات پر ردِعمل دیتے ہوئے ایم ایس دھونی اور کپل دیو سے معافی مانگنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک پوڈکاسٹ کے ٹیزر میں یوراج سنگھ نے کہا ہے کہ میں ایم ایس دھونی اور کپل دیو سے معذرت کرنا چاہتا ہوں۔
پوڈکاسٹ کے دوران اِن سے سوال پوچھا گیا کہ کیا والد کے انٹرویوز سُن کر اِنہیں برا لگتا ہے؟ جس کے جواب میں یوراج نے اشارہ دیا کہ میں نے اپنے والد سے واضح طور پر کہا تھا کہ ایسا رویہ درُست نہیں۔
یاد رہے کہ یوراج سنگھ بھارتی ٹیم کے اُس اہم دور کا حصہ رہے ہیں جب سچن ٹنڈولکر، وریندر سہواگ، ایم ایس دھونی اور ظہیر خان جیسے نامور کھلاڑی ٹیم میں شامل تھے، یوراج نے بھارت کی 2 بڑی کامیابیوں 2007ء کے ٹی 20 ورلڈ کپ اور 2011ء کے ون ڈے ورلڈ کپ میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔
اس دوران ایم ایس دھونی ٹیم کے مستقل کپتان رہے جس کے باعث یوراج سنگھ کو طویل عرصے تک قیادت کا موقع نہیں مل سکا۔
بعد ازاں یوراج کے والد یوگ راج سنگھ نے کئی بار عوامی بیانات میں ایم ایس دھونی کو اس صورتِ حال کا ذمے دار قرار دیا۔
یوگ راج سنگھ ماضی میں بھی سخت اور متنازع گفتگو کے باعث خبروں میں رہے ہیں، 2025ء میں ایک یوٹیوب انٹرویو کے دوران اُنہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ 1980ء کی دہائی میں ٹیم سے نکالے جانے کے بعد میں کپل دیو سے شدید ناراض تھا اور اِن کے گھر جا کر دھمکی بھی دی تھی۔
اُنہوں نے سابق بھارتی کپتانوں اور کھلاڑیوں پر تنقید کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ بھارتی کرکٹ کو غلط قیادت نے نقصان پہنچایا۔