• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیفا ورلڈکپ 2026: ارجنٹینا نے انگلینڈ کو شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

فوٹو: بشکریہ انٹرنیشنل میڈیا
فوٹو: بشکریہ انٹرنیشنل میڈیا

فیفا ورلڈکپ 2026 کے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے انگلینڈ کو شکست دیکر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

دوسرے سیمی فائنل میں ارجنٹینا نے انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی، فاتح ٹیم کی جانب سے گول فرنانڈس اور مارٹینز نے اسکور کئے۔

اٹلانٹا اسٹیڈیم میں کھیلا گیا میچ ابتدا سے ہی انتہائی سنسنی خیز رہا، میچ کا آغاز تیز رفتاری سے ہوا اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ایک دوسرے کو دھکے دیکر گیند حاصل کرنے کی کوششیں کرتے رہے۔ 

دونوں ٹیموں نے پہلے ہاف میں گول کرنے کی بھرپور کوششیں کی لیکن یہ ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ تاہم دوسرے ہاف میں انگلینڈ کی جانب سے گورڈن نے 55 ویں منٹ میں پہلا گول بنایا، اس گول کے ذریعے انگلش ٹیم نے ابتدا میں سبقت حاصل کی تھی۔

میچ کے 85 ویں منٹ میں فرنانڈس اور کھیل کے انجری ٹائم کے دوسرے منٹ میں مارٹینز نے ارجنٹینا کے لیے گول کرکے انگلینڈ کا 60 سال بعد فائنل میں پہنچنے کا خواب چکنا چور کردیا۔

فائنل میں ارجنٹینا کا مقابلہ اسپین سے اتوار کی شب ہوگا، انگلش ٹیم تیسری پوزیشن کے لیے ہفتے کی شب فرانس کا مقابلہ کرے گی۔

یاد رہے کہ ارجنٹائن کی ٹیم ساتویں بار فیفا ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچی ہے، تین بار اسے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل رہا جبکہ تین بار رنرز اپ رہی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید