بالی ووڈ فلم ’دھریندر‘ میں رنویر سنگھ کے مقابل مرکزی کردار کے لیے تقریباً 1200 سے زائد اداکاراؤں نے آڈیشن دیا تھا تاہم فلم کی ٹیم نے حیران کُن طور پر 20 سالہ سارا ارجن کو منتخب کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم دھریندر کے کاسٹنگ ڈائریکٹر مکیش چھابڑا نے ایک حالیہ انٹرویو میں اس فیصلے کی وجہ بتائی ہے۔
مکیش چھابڑا نے بتایا ہے کہ ہدایتکار آدتیہ دھر اور مجھے بڑی تعداد میں اداکاراؤں کی درخواستیں موصول ہو رہی تھیں لیکن ٹیم شروع سے ایک ایسے نئے چہرے کی تلاش میں تھی جو فلم کی دنیا کا فطری حصہ محسوس ہو اور جس کی کوئی پرانی آن اسکرین شناخت نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ کہانی میں رنویر سنگھ کا کردار پاکستان جا کر ایک نئی لڑکی سے ملتا ہے، اس لیے ایسا چہرہ ضروری تھا جسے دیکھ کر ناظرین کو حقیقت کا احساس ہو اور ہیروئن کی پہلے سے قائم امیج کردار میں رکاوٹ نہ بنے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سارا ارجن اگرچہ بطور چائلڈ آرٹسٹ انڈسٹری میں کام کر چکی ہیں لیکن اُنہوں نے اب تک بطور مرکزی اداکارہ کوئی بڑی فلم نہیں کی تھی اور یہی اِن کے فلم میں سلیکٹ ہونے کی وجہ بنی، متعدد آڈیشنز کے بعد آخرکار سارا ارجن کو کردار ’یالینا‘ کے لیے منتخب کر لیا گیا۔