بھارت میں اداکار سے سیاستدان بننے والے تھلاپتی وجے انتخابی جلسے کے دوران سیکیورٹی گارڈ پر غصہ ہوگئے۔
51 سالہ تھلاپتی وجے نے پونڈیچری میں ایک روڈ شو اور انتخابی جلسے میں شرکت کی، جہاں بڑی تعداد میں لوگ انہیں دیکھنے کےلیے جمع ہوئے تھے۔
اس دوران ایک سیکیورٹی گارڈ نے ایک بزرگ شخص کو دھکا دیا، جس پر وجے نے غصے کا اظہار کیا اور گارڈ کو ڈانٹ پلادی۔
انہوں نے بعد ازاں خود کو سنبھالا اور اپنے مداحوں سے خطاب کیا، ٹی وی کے کے سربراہ نے اس دوران اپنی جماعت کا منشور، مخالفین پر تنقید کے ساتھ پونڈیچری کو مکمل ریاست کا درجہ دلانے کا وعدہ دہرایا۔
تھلاپتی وجے نے اپنے خطاب میں بھارت کی روایتی سیاسی جماعتوں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)، کانگریس اور ڈی ایم کے کی سیاست پر تنقید کی اور ان کے سیاسی اتحاد وں کو کمزور اور غیر موثر قرار دیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ وہ نوجوانوں کو مالی امداد دیں گے، گریجویٹس کو 40 ہزار اور ڈپلومہ ہولڈرز کو ماہانہ 20 ہزار فراہم کیے جائیں گے۔
وجے نے سرکاری امتحانات وقت پر کروانے اور منشیات سے پاک معاشرہ بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ریاستی انتخابات میں اُن کی جماعت آزاد حیثیت میں حصہ لے رہی ہے، ووٹنگ 9 اپریل کو ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی 4 مئی کو ہوگی۔