پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار شہریار زیدی نے انکشاف کیا ہے کہ اہلیہ کی موت میری زندگی کا سب سے بڑا سانحہ ہے، اہلیہ کی وفات کے بعد لوگ مجھے دوسری شادی کا مشورہ دیتے ہیں۔
سینئر اداکار شہریار زیدی اور گلوکارہ نیرہ نور کو پاکستان کی مقبول ترین جوڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے، جنہوں نے دہائیوں تک فن و ثقافت کی خدمت کی۔
حال ہی میں شہریار زیدی نجی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شریک ہوئے، جہاں انہوں نے اپنی اہلیہ کے آخری لمحات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ شدید تکلیف میں تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ نیرہ نور تقریباً 10 برس سے کینسر سے جنگ لڑ رہی تھیں اور بیماری ریڑھ کی ہڈی تک پھیل چکی تھی، جس کی وجہ سے وہ شدید اذیت میں تھیں۔
اداکار نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اہلیہ کے انتقال کے بعد میری زندگی میں شدید تنہائی آ گئی ہے، میں لوگوں کے درمیان ہونے کے باوجود خود کو تنہا محسوس کرتا ہوں، گھر واپس جا کر گھنٹوں کمرے میں بیٹھا رہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بعض لوگ مجھے دوبارہ شادی کا مشورہ دیتے ہیں، مگر میرے لیے کسی اور کے ساتھ ویسا تعلق قائم کرنا ممکن نہیں، اہلیہ کو کھونا میری ازندگی کا سب سے بڑا سانحہ ہے۔
واضح رہے کہ گلوکارہ نے 2012ء میں گائیکی سے کنارہ کر لیا تھا مگر وطن کی مٹی ہمیشہ گواہی دے گی کہ وہ ایک عظیم گلوکارہ تھیں۔
بلبلِ پاکستان نیرہ نور 20 اگست 2022ء کو روٹھ کر ایک ایسے جہاں چلی گئیں کہ انہیں منا کر واپس لانا ممکن نہیں اور ان کے جہانِ فانی سے رخصت ہو جانے کے بعد ایک عہد کا اختتام ہو گیا۔