چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے وزیراعظم شہباز شریف پر کابینہ کو اعتماد میں لیے بغیر فیصلے کرنے کا الزام لگادیا۔
قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کے دوران بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیر اعظم نے ایسے فیصلے بھی کیے، جن پر کابینہ کو اعتماد میں نہیں لیا۔
انہوں نے کہا کہ خدارا کچھ بھی کریں، قانون کو بائی پاس نہ کریں، وزیر پٹرولیم نے لمبی تقریر کر لی یہ نہیں بتایا پیٹرول کی قیمت کیوں بڑھائی؟
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ یہ ڈیسک بجانے کا وقت نہیں یہ بتانے کا وقت ہے کہ قیمتیں کیوں بڑھیں؟ دنیا کے 96 ممالک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ہم نے پیٹرول پر نائیجیریا سے زیادہ ٹیکس لگایا۔
اُن کا کہنا تھا کہ عوام کے چولہے بجھ گئے، حکمرانوں کی عیاشیاں کم نہیں ہوئیں، یہ پہلے وزیراعظم ہیں جو ایوان میں نہیں آتے۔
بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ عوام کو فری ٹرانسپورٹ دینے کا اعلان ہوا، کس کو فائدہ ملا یہ نہیں بتاسکتے، سبسڈی کسی غیرمستحق کو نہیں ملنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے کہا ہم ثالث کا کردار ادا کر رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں ہمارا کردار اہم ہو۔