• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چاند کے گرد تاریخی مشن: آرٹیمس II نے انسان کے زمین سے سب سے دور سفر کا ریکارڈ توڑ دیا

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

ناسا کے آرٹیمس II مشن نے انسان کے زمین سے سب سے دور سفر کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔

 اورین خلائی جہاز میں سوار 4 خلاء بازوں نے پیر کے روز 15:58 جی ایم ٹی پر 400171 کلو میٹر کی سابقہ حد عبور کر لی، جو اپریل 1970ء میں Apollo 13 کے سفر کے دوران قائم کی گئی تھی۔

مشن اس وقت چاند کے دور دراز حصے کے گرد سفر کر رہا ہے اور متوقع طور پر 23:07 جی ایم ٹی پر زمین سے تقریباً 406788 کلو میٹر کی زیادہ سے زیادہ دوری تک پہنچے گا۔

آرٹیمس II مشن کے دوران خلاء باز چاند کے گرد فلائی بائی کریں گے، جس میں وہ 6 گھنٹے سے زائد وقت تک چاند کی سطح کی خصوصیات کا مشاہدہ اور دستاویزی جائزہ لیں گے، اس کے بعد اورین کیپسول فری ریٹرن ٹریجیکٹری کے ذریعے زمین کی جانب واپس روانہ ہو گا، جس میں تقریباً 4 دن لگیں گے۔

خلاء بازوں نے اپنے تاریخی دن کا آغاز مرحوم خلاء باز جم لویل کے پیغام سے کیا، جنہوں نے Apollo 8 اور Apollo 13 میں حصہ لیا تھا۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا تھا کہ یہ ایک تاریخی دن ہے، مصروفیت کے باوجود اس منظر سے لطف اندوز ہونا نہ بھولیں، میرے پرانے علاقے میں خوش آمدید، مجھے فخر ہے کہ میں یہ مشن آپ کے حوالے کر رہا ہوں۔

چاند کے پچھلے حصے سے گزرتے ہوئے خلاء باز ایسے علاقوں کا مشاہدہ کریں گے جو پہلے انسانی آنکھ سے اوجھل تھے، مشن کے دوران بھیجی گئی ایک تصویر میں چاند کے اورینٹیل بیسن نامی وسیع گڑھے کو دکھایا گیا، جسے اس سے قبل صرف بغیر انسان والے مشنز کے کیمروں کے ذریعے دیکھا گیا تھا۔

ماہرین کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے باوجود انسانی آنکھ اب بھی بہترین مشاہداتی ذریعہ ہے، آرٹیمس II کی لیڈ سائنسدان کیلسے ینگ کے مطابق انسانی آنکھ میں موجود ریسیپٹرز کسی بھی کیمرے سے کہیں زیادہ بہتر تفصیل فراہم کرتے ہیں۔

ہیوسٹن میں واقع ناسا کے جانسن اسپیس سینٹر میں قائم سائنس ایویلیوایشن روم میں موجود درجنوں سائنسدان خلاء بازوں کی براہِ راست فراہم کردہ معلومات کو نوٹ کریں گے، جو اپنی تربیت کے دوران مختلف قمری مظاہر کا تفصیلی مطالعہ کر چکے ہیں۔

فلائی بائی کے دوران تقریباً 40 منٹ کے لیے خلاء بازوں کا زمین سے رابطہ منقطع ہو جائے گا جب وہ چاند کے پیچھے سے گزریں گے۔

ماہرین کے مطابق خلاء بازوں کو چاند ایک بازو کے فاصلے پر رکھے گئے باسکٹ بال کے سائز جتنا دکھائی دے گا۔

یہ مشن مستقبل کے بڑے منصوبوں کے لیے اہم پیش رفت ہے، جس میں آرٹیمس III اور آرٹیمس IV شامل ہیں، جن کا مقصد چاند پر انسانی لینڈنگ کو ممکن بنانا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید
سائنس و ٹیکنالوجی سے مزید