امریکا نے ایران کے ساتھ دو ہفتوں کی جنگ بندی کو اپنی فتح قرار دے دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان 2 ہفتوں کی جنگ بندی کا اعلان واشنگٹن کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔
پریس سیکریٹری کیرولائن لیویٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ امریکا کی فتح ہے جسے صدر ٹرمپ اور ہماری شاندار فوج نے ممکن بنایا۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن ایپک فیوری کے آغاز سے ہی صدر ٹرمپ کا اندازہ تھا کہ یہ کارروائی 4 سے 6 ہفتوں پر محیط ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اہلکاروں کی غیر معمولی صلاحیتوں کی بدولت ہم نے 38 دنوں میں اپنے بنیادی عسکری اہداف حاصل کرنے کے ساتھ انہیں عبور بھی کیا۔
کیرولائن لیویٹ نے مزید کہا کہ فوجی کامیابی نے زیادہ سے زیادہ دباؤ پیدا کیا، جس کے نتیجے میں صدر ٹرمپ اور ان کی ٹیم کو سخت مذاکرات کرنے کا موقع ملا اور اب ایک سفارتی حل اور طویل مدتی امن کی راہ ہموار ہوئی ہے۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ صدر ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھلوا دیا۔ تاہم، یہ گزرگاہ جنگ کے آغاز سے قبل بھی کھلی تھی، جبکہ ایران کا کہنا ہے کہ محفوظ آمد و رفت اب اس کی افواج کے ساتھ ہم آہنگی کے تحت ہی ممکن ہوگی۔
کیرولائن لیویٹ نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی امریکا کے مفادات کو آگے بڑھانے اور امن قائم کرنے کی صلاحیت کو کبھی کم نہ سمجھیں۔