پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکارہ و ماڈل جیا علی نے انکشاف کیا ہے کہ نامور اداکار و ہمایوں سعید کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتی، جبکہ ماہرہ خان کی والدہ کا کردار نبھانے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
کیریئر کے عروج پر شوبز کو خیرباد کہنے والی جیا علی نے حال ہی میں نجی ٹی چینل کے پنجابی پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ایک سوال ’آپ کس اداکار کے ساتھ کبھی کام نہیں کریں گی؟‘ کے جواب میں جیا علی نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ میں ہمایوں سعید کے ساتھ میں کام نہیں کرنا چاہوں گی۔
انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ وہ ایک بڑے اداکار اور پروڈیوسر ہیں اور ایک اچھے انسان بھی ہیں لیکن کسی وجہ سے میں ان کے ساتھ خود کو آرام دہ محسوس نہیں کرتی، اس لیے میں ان کے ساتھ کام نہیں کروں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر انہیں ماہرہ خان کی والدہ کا کردار بھی آفر کیا جائے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا کیونکہ انہیں عمر کے حوالے سے کسی قسم کا عدم تحفظ نہیں ہے۔