سیالکوٹ(نمائندہ جنگ)4سالہ بچے کواغوا کے بعد قتل کرنے والی مقتول کی حقیقی پھوپھو نکلی۔ تھانہ پھوکلیاں کے علاقہ حیل باجوہ میں چھ روز قبل منگل کے دن دوپہر3بجے کے قریب حافظ ندیم کے 4سالہ بچے عبداللہ کو نامعلوم افراد نے اغوا کے بعد قتل کرکے نعش گھر کے سامنے پھینک دی تھی۔ پولیس نے تفتیش کے دوران شک ہونے پر حافظ ندیم کی بہن پکھراج بی بی کو گرفتار کرلیا۔ مقتول کے والد حافظ ندیم اور جان محمد نے آپس میں وٹہ سٹہ کی شادی کی تھی۔ جان محمد نے گھریلو ناچاقی پر اپنی بیوی 4بچوں کی ماں پکھراج بی بی کو میکے بھیج دیا تھا جو اپنے بھائی حافظ ندیم کے ساتھ ہی رہ رہی تھی۔ ملزمہ پکھراج بی بی چاہتی تھی کہ جس طرح اسکے خاوند نے اسے گھر سے نکالا ہے اسی طرح اسکا بھائی حافظ ندیم بھی اپنی بیوی کو گھر بھیج دے تاکہ حساب برابر ہو سکے تاہم حافظ ندیم نے ایسا نہ کیا جسکی رنجش پر اس نے اپنے ہی بھتیجے4سالہ عبداللہ کو پیٹی میں بند کر دیا اور دم گھٹنے سے4 سالہ عبداللہ جاں بحق ہو گیا۔ والدین کے ڈھونڈنے اور گھروں میں جاکر اپنے بچے کی تلاش کرنے کے دوران جب لائٹ چلی گئی تو خوف کے مارے پکھراج بی بی نے عبداللہ کی نعش کو پیٹی سے نکال کر گھر کے سامنے پھینک دیا تھا۔ڈی ایس پی ہیڈ کوراٹر شاہد اکرم نے رابط پر بتایا کہ ملزمہ سے مزید تفتیش جاری ہے۔