• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ میں اسرائیلی ڈرون حملہ، الجزیرہ کے صحافی محمد وشاح شہید

غزہ سٹی کے مغرب میں اسرائیلی ڈرون حملے میں الجزیرہ مباشر کے صحافی محمد وشاح شہید ہو گئے۔

الجزیرہ میڈیا نیٹ ورک کے مطابق حملہ بدھ کے روز الرشید اسٹریٹ پر اس وقت کیا گیا جب محمد وشاح ایک گاڑی میں سفر کر رہے تھے، حملے کے نتیجے میں گاڑی آگ کی لپیٹ میں آ کر مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

الجزیرہ میڈیا نیٹ ورک نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے صحافیوں کو نشانہ بنانے اور آزاد صحافت کو دبانے کی کوشش قرار دیا ہے۔

ادارے کے مطابق محمد وشاح 2018ء سے الجزیرہ کے ساتھ وابستہ تھے اور غزہ میں جاری جنگ کی مسلسل کوریج کر رہے تھے۔

غزہ میں الجزیرہ کے رپورٹر ابراہیم الخلیلی کے مطابق مرکزی سڑک پر حملہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ امریکی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی کارروائیاں جاری ہیں اور صورتِ حال مزید سنگین ہو رہی ہے۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2023ء سے اب تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم 262 صحافی شہید ہو چکے ہیں۔

غزہ حکومت کے میڈیا آفس کا کہنا ہے کہ فلسطینی صحافیوں کو منظم طریقے سے نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ عالمی صحافتی تنظیموں سے اس کی مذمت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

میڈیا آفس کے مطابق جنگ بندی کے بعد بھی تقریباً 2000 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ 

غزہ کی وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2023ء سے اب تک 72000 سے زائد فلسطینی جاں بحق اور 171000 سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں جبکہ جنگ بندی کے بعد مزید 733 افراد ہلاک اور 2034 زخمی ہوئے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید