• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلپائن کا چین پر سمندر میں زہر کے استعمال کا سنگین الزام

---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

فلپائن نے چین پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے جنوبی بحیرۂ چین کے ایک متنازع علاقے میں سائینائیڈ (زہریلا کیمیکل) استعمال کیا ہے جس سے سمندری حیات اور ماہی گیری کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق فلپائنی حکام کا دعویٰ ہے کہ بحریہ نے گزشتہ سال ایک زیرِ آب چٹان کے قریب چینی کشتیوں سے بوتلیں ضبط کی تھیں جن میں زہریلے مادے کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے، یہ علاقہ اسپریٹلی جزائر میں واقع ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تنازع کا مرکز ہے۔

قومی سلامتی کے ایک اعلیٰ عہدے دار نے کہا ہے کہ زہر کا استعمال تخریبی کارروائی ہو سکتا ہے جس کا مقصد مقامی مچھلیوں کو ختم کرنا اور وہاں موجود فلپائنی اہلکاروں کو خوراک سے محروم کرنا ہے۔

اُنہوں نے خبردار کیا ہے کہ اس سے مونگے کی چٹان کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے جس پر فلپائن کا ایک جنگی جہاز کھڑا ہے۔

دوسری جانب چین نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ فلپائن نے چینی ماہی گیروں کو ہراساں کیا اور ان کا سامان ضبط کیا ہے۔

یاد رہے کہ جنوبی بحیرۂ چین میں دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ چین تقریباً پورے سمندر پر اپنا دعویٰ کرتا ہے جسے عالمی سطح پر متنازع قرار دیا جا چکا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید