ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی،ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے موقف کی تائید کردی۔
ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کی قیادت میں وفد اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش پر پہنچا اور جے یو آئی سربراہ سے ملاقات کی۔
ترجمان جے یو آئی کے مطابق ملاقات میں حالیہ امریکا ایران جنگ کے اثرات، مضمرات سمیت اہم امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ایرانی سفیر نے مولانا فضل الرحمان سے گفتگو میں کہا کہ ایران امریکا جنگ کے بارے میں آپ کے جاندار موقف پر ایرانی قوم کی طرف سے شکر گزار ہوں۔
جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے لیے میزبانی پاکستان کیلئے اعزاز ہے، اسلامی ممالک کی خود مختاری کا احترام ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگ بندی کی توقع اور مستقل امن کی تمنا کے ساتھ اسلامی بلاک کا قیام ہماری تمنا بلکہ ہمارے منشور کا حصہ ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ اسلامی دنیا کے حکمرانوں کو سبق سیکھنا چاہیے، وحدت کے بغیر ہم ہمیشہ استعمال ہوں گے، مسلم اُمّہ کا مل بیٹھ کر مضبوط قوت سے مسائل کو حل کرنا وقت کا تقاضا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ بیت المقدس کا تحفظ اور اسرائیل کے ناجائز قبضے سے آزاد کرانا ہر مسلمان کا فرض ہے۔ اس پر ایرانی سفیر نے کہا کہ میں آپ کے اس موقف کی تائید کرتا ہوں۔
رضا امیری مقدم نے کہا کہ امریکی جارحیت پر مولانا فضل الرحمان سمیت پاکستانی عوام کا ایران کی حمایت پر شکریہ ادا کرتا ہوں، پاکستانی عوام، علماء اور مختلف طبقہ فکر کا مضبوط اور متوازن موقف قابل تحسین ہے۔