اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولین تھرور ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ آنے والے چند ماہ ایونٹس کے حوالے سے بڑے اہم ہیں، کامن ویلتھ گیمز میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنا ہے، ایشین گیمز سمیت ڈائمنڈ لیگز میں شرکت کرنا ہے جس کے لیے بھرپور تیاری کر رہا ہوں۔
اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولین تھرور لاہور میں آنے والے ایونٹس کے لیے اپنی شیڈول ٹریننگ جاری رکھے ہوئے ہیں، کہتے ہیں کہ اگلے آنے والے ایونٹس کے لیے بھرپور تیاری کر رہا ہوں، فٹنس پر کام کیا ہے، ابھی مکمل طور پر فٹ ہوں، دعا ہے کہ اللّٰہ پاک آگے بھی فٹ ہی رکھے۔
ارشد ندیم نے کہا کہ قطر میں ڈائمنڈ لیگ مئی میں شیڈول تھی اس کے لیے بھرپور تیار تھا لیکن خطے میں کشیدہ حالات کی وجہ سے ملتوی ہو گئی اور وہ اب جون میں کھیلی جائے گی۔ اس لیے اب قطر ڈائمنڈ لیگ ایک مہینہ لیٹ ہونے سے ٹریننگ کے لیے مزید وقت مل گیا ہے۔
اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کہا کہ جولائی میں کامن ویلتھ گیمز، پھر ڈائمنڈ لیگز، ورلڈ ایتھلیٹکس الٹیمیٹ چیمپئن شپ اور اس کے بعد ایشین گیمز ہیں جن کے لیے تیاری کر رہا ہوں۔ ہمیشہ کی طرح سب سے دعاؤں کی درخواست ہے تاکہ فٹ رہ کر پوری دنیا میں ملک کا نام روشن کروں۔
اپنے اہداف کے بارے میں ارشد ندیم نے کہا کہ میرا ہدف کامن ویلتھ گیمز، ورلڈ ایتھلیٹکس الٹیمیٹ شپ اور ایشین گیمز ہیں، ڈائمنڈ لیگز ساتھ ساتھ چل رہی ہے ان میں بھی حصہ لوں گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پیدا ہوا ہوں اسی مٹی سے پیار ہے لیکن زیادہ گرمی کی وجہ سے ایک دو مہینے کے لیے ساؤتھ افریقہ میں ٹریننگ کرنے کی کوشش کروں گا۔
ارشد ندیم کے کوچ سلمان اقبال بٹ نے کہا کہ یہ سال ہمارے لیے کافی چیلنجنگ ہے، تین بڑے ایونٹ کامن ویلتھ گیمز، ایشین گیمز اور ورلڈ چیمپئن شپ ہیں، اس کے علاوہ ڈائمنڈ لیگز میں بھی شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی ہم مقابلوں سے پہلے والے فیز میں ہیں، ہماری ٹریننگ ابھی جاری ہے۔ ٹیکنیک اور اسٹرینتھ اچھی ہے اور گزشتہ سالوں کی نسبت بہتر طریقے سے تھرو کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال انجریز نے کافی تنگ کیا جس کی وجہ سے مقابلوں سے دور رہے۔