پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکارہ رمشا خان اور اداکار خوشحال خان نے گزشتہ روز اپنی شادی کی باضابطہ تصدیق کرتے ہوئے شادی کی تصاویر شیئر کردیں۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اس نوبیاہتا فنکار جوڑی نے مشترکہ پوسٹ شیئر کی اور کہا ہے کہ وہ ایک ساتھ نئی زندگی کے آغاز پر انتہائی شکر گزار ہیں۔
اس نوبیاہتا جوڑے نے انسٹاگرام پر ایک مشترکہ پوسٹ کے ذریعے شادی کی تصدیق کی اور شادی کی نجی تقریب سے چند خوبصورت تصاویر بھی شیئر کیں۔
تصاویر میں رمشا کو سرخ لباس جبکہ خوشحال کو سیاہ لباس میں دیکھا جا سکتا ہے۔
پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ بسم اللّٰہ، ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہم شادی کے بندھن میں بندھ چکے ہیں، الحمدللّٰہ۔ ہم اس نئے باب میں ایک ساتھ قدم رکھتے ہوئے بے حد شکر گزار ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ان تمام افراد کا شکریہ جنہوں نے ہمارے سفر کے دوران ہماری حمایت کی اور ہمیں محبت دی۔ یہ ہمارے لیے الفاظ سے کہیں بڑھ کر اہمیت رکھتا ہے۔ اس خوشی کے موقع پر ہم آپ سے ہماری نجی زندگی کے احترام کی درخواست کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ دونوں فنکاروں رمشا اور خوشحال کی دوستی کا آغاز اس وقت ہوا جب انہیں ایک ساتھ ڈرامہ سیریل دنیا پور کے لیے کاسٹ کیا گیا۔ وقت کے ساتھ ان کا تعلق مضبوط ہوتا گیا اور بعدازاں وہ ایک اور کامیاب سیریل بریانی میں بھی ایک ساتھ نظر آئے۔
اسی دوران دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا، تاہم اس خبر کو کافی عرصے تک خفیہ رکھا گیا۔ بعد ازاں ان کے نکاح کی ایک تصویر نامعلوم ذرائع سے سوشل میڈیا پر لیک ہوگئی، جس کے بعد قیاس آرائیاں شروع ہوئیں۔
حال ہی میں رمشا خان نے سوشل میڈیا سے عارضی وقفے کا اعلان کیا اور آج اپنے نام کے ساتھ خٹک کا اضافہ کر کے باضابطہ طور پر اس خبر کی تصدیق کی۔