بھارتی اداکار اور کامیڈین علی اصغر نے کپل شرما شو کا مقبول کردار ’دادی‘ چھوڑنے کی وجہ بتادی۔
55 سالہ کامیڈین نے پوڈ کاسٹ کے دوران انکشاف کیا کہ ’دادی‘ کا کردار اس لیے چھوڑ دیا کیونکہ اس کے منفی اثرات میری ذاتی زندگی پر پڑنے لگے تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق علی اصغر نے کہا کہ خاص بات یہ تھی کہ بچوں کو اسکول میں تنگ کیا جاتا تھا کہ تمہارے والد اسکرین پر خواتین کے کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے ساتھ ہی یہ بھی محسوس ہوا کہ وہ ایک ہی طرح کے کردار میں محدود ہوکر رہ گئے ہیں اور بطور اداکار میں پوری صلاحیتیں نہیں دکھا پارہا ہوں۔
علی اصغر نے یہ بھی کہا کہ میں مزید متنوع کردار ادا کرنا چاہتا تھا اور خود کو ایک ہی امیج تک محدود نہیں رکھنا چاہتا تھا۔
بھارتی کامیڈین نے 2017ء میں کپل شرما شو چھوڑ دیا تھا اور اس کی وجہ تخلیقی اختلافات بتایا تھا۔