شیخوپورہ (نمائندہ جنگ سے) حکومت پنجاب کی طرف سے لگائی جانے والی پابندی کے باوجود شیخوپورہ میں پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے زیراہتمام یوم آزادی کے موقع پر ریلیاں نکالی گئیں۔ پیپلزپارٹی کے زیراہتمام سابق ضلعی صدر آصف خان کی رہائش گاہ سے ملحقہ عمارت سے پیپلزپارٹی کی ریلی شروع ہوئی جب ریلی عزیز بھٹی روڈ پر خانوچوک کے قریب پہنچی تو ریلی کو پولیس نے زبردستی روکنے کی کوشش کی جہاں پیپلز یوتھ ونگ اور ریلی کے شرکاء جن کی قیادت سابق ضلعی صدر آصف خان اور دیگر رہنمائوں کا پولیس سے جھگڑا ہوگیا جہاں پر تلخ جملوں کا استعمال کیا گیا۔ اطلاع پر ڈی ایس پی سی آئی اے امتیاز بھلی کی قیادت میں پولیس کی مزید نفری وہاں پہنچ گئی اور ریلی میں شامل موٹر سائیکل سوار نوجوانوں کا راستہ روک کر انہیں واپس بھیج دیا۔ اس دوران پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے سخت نعرہ بازی کی۔ بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما رانا اکرم ناز نے الزام لگایا کہ پولیس نے ہمارے کارکنوں کی موٹر سائیکلیں بھی اپنی تحویل میں لے لی ہیں۔ پولیس نے ان الزامات کی تصدیق نہ کی ہے۔ یوم آزادی کے موقع پر تحریک انصاف نے چوک بہار شاہ سے جہاز چوک تک بڑی ریلی نکالنے کا پروگرام ملتوی کر دیا تاہم بلدیہ شیخوپورہ کی 50 وارڈوں سے تحریک انصاف کے کارکنوں نے ریلیاں نکالیں۔ ریلیاں جہاز چوک پہنچ کر اکٹھی ہوئیں جہاں پر چودھری محمد منشا گوپے را نے اختتامی دعا کروائی۔