بنگلادیش کے کھلاڑی ناہید رانا اور مستفیض الرحمان کے دوبارہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 میں اپنی ٹیموں کو جوائن کرنے کا امکان ہے۔
بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پہلے دو ٹی ٹوئنٹی میچز کے اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔
علم میں رہے کہ بنگلادیش اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا میچ 27 مئی جبکہ دوسرا 29 مئی اور تیسرا 2 جون کو کھیلا جائے گا۔
لٹن کمار داس بنگلادیش ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت کریں گے، فاسٹ بولرز مستفیض الرحمان، ناہید رانا اور تسکین احمد کو آرام دے دیا گیا ہے۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق مستفیض الرحمان اور ناہید رانا کے دوبارہ پی ایس ایل کا حصہ بننے کا امکان ہے۔
رواں پی ایس ایل میں مستفیض الرحمان نے لاہور قلندرز اور ناہید رانا نے پشاور زلمی کی نمائندگی کی۔ نیشنل ڈیوٹی کی وجہ سے دونوں فاسٹ بولرز دیگر چار کھلاڑیوں کے ہمراہ وطن واپس چلے گئے تھے۔
پی ایس ایل کھیلنے والے 6 بنگلادیشی کرکٹرز نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے اسکواڈ کا حصہ تھے، رشد حسین، شرف الاسلام، تنزید حسن اور پرویز حسین ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا بھی حصہ ہیں۔