• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر: سیکیورٹی فورسز کا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، 22 خوارج ہلاک

سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خیبر میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں 22 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔

مسلح افواج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن 21 اپریل کو کیا گیا تھا، جس میں  فائرنگ کے تبادلے میں 22 خوارج مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے خوف اور بزدلی کے باعث خوارج نے اندھا دھند فائرنگ کی، فائرنگ کی زد میں آ کر ایک 10سالہ معصوم بچہ شہید ہو گیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا کہنا ہے کہ ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، خوارج علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود مزید کسی بھی خارجی کے خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

دہشتگردی کو شکست دیکر امن کیلئے کردار جاری رکھیں گے: صدرِ مملکت

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے 22 دہشت گردوں کی ہلاکت اور اسلحے کی برآمدگی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے 10 سالہ بچے کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور شہید بچے کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی قیادت خطے اور عالمی امن کے لیے کوشاں ہے، دہشت گرد امن کی کوششوں کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، دہشت گردی کو شکست دے کر امن کے لیے کردار جاری رکھیں گے۔

قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہے: وزیرِ اعظم 

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے خیبر میں کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ 22 خوارج کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں قابلِ تعریف ہیں، قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہے۔

انہوں نے دہشت گردوں کی فائرنگ سے 10 سالہ بچے کی شہادت پر دکھ کا اظہار بھی کیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید