• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنوں: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، خودکش حملے کے مرکزی سہولت کار سمیت 2 خوارج ہلاک

--فائل فوٹو
--فائل فوٹو

سیکیورٹی فورسز نے ضلع بنوں میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں خودکش حملے کے مرکزی سہولت کار سمیت 2 خوارج کو ہلاک کر دیا۔

مسلح افواج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 خوارج ہلاک ہو گئے، جن میں خوارجی رنگ لیڈر وحید اللّٰہ عرف مختیار اور ایک خودکش بمبار بھی شامل ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک خوارج سے خودکش جیکٹ، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔

خوارجی رنگ لیڈر وحید اللّٰہ عرف مختیار دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہا ہے، جو انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست میں شامل تھا، وہ سیکیورٹی فورسز اہلکاروں اور بے گناہ شہریوں کی شہادتوں میں بھی ملوث تھا۔

خارجی لیڈر وحید21 فروری 2026ء کو بنوں میں خودکش حملے کا مرکزی سہولت کار بھی تھا، بنوں حملے کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل گل فراز شہید ہوئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے ذریعے اس گھناؤنے فعل کا بدلہ لے لیا گیا اور مرکزی مجرم کو انجام تک پہنچا دیا گیا ہے، سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے ایک بڑے سانحے کو بھی ناکام بنایا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

دہشت گردی کی عفریت کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں: شہباز شریف

وزیراعظم نے بنوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے پیشہ وارانہ مہارت سے خارجی سرغنہ سمیت 2 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، حکومت پاکستان ملک سے دہشت گردی کی عفریت کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔

بیرونی مداخلت سے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی: صدر مملکت

صدر آصف زرداری نے کہا کہ خارجی رنگ لیڈر اور خودکش حملہ آور کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کا آئینہ دار ہے، پاکستان اپنی تمام توانائیاں خطے اور عالمی امن کے حصول میں صرف کر رہا ہے، ہمارے دشمن دہشت گردی کے ذریعے ہماری ان کوششوں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، ہم ان امن دشمن اور اسلام دشمن سازشوں کو ناکام بنائیں گے، بیرونی مداخلت کی وجہ سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

قوم کو سیکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر ناز ہے: محسن نقوی

وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے، انہوں نے 2 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج کے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتا ہوں، قوم کو سیکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر ناز ہے، قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

قومی خبریں سے مزید