ایرانی وفد نے پاکستان آمد پر ایک بار پھر میناب اسکول پر امریکی حملوں میں شہید 168 بچوں سے اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
گزشتہ رات ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی وفد کے ہمراہ اسلام آباد آمد کے موقع پر خصوصی طیارے پر ہیش ٹیگ میناب 168 واضح انداز میں لکھا نظر آیا۔
اس سے قبل بھی اسلام آباد آمد پر ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے دورانِ پرواز طیارے کے اندر کی تصویر شیئر کی تھی، جس میں میناب حملے میں شہید ایرانی بچوں کی تصاویر رکھی تھیں۔
خیال رہے کہ امریکا اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران کے شہر میناب میں لڑکیوں کے پرائمری اسکول پر فضائی حملے کرتے ہوئے 168 طالبات کو شہید کردیا تھا، تاہم امریکی صدر کی جانب سے اسکول پر حملے کی خبر کو بےبنیاد قرار دیا گیا تھا۔
بعدازاں امریکی اخبار نے صدر ٹرمپ کے دعوے کو غلط ثابت کرتے ہوئے بتایا تھا کہ سیٹلائٹ تصاویر، سوشل میڈیا پوسٹس اور تصدیق شدہ ویڈیوز سمیت مختلف شواہد کے مطابق ایرانی بحری اڈے پر حملے کے دوران ہی اسکول پر بھی حملہ ہوا۔