• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرے دروازے دنیا بھر میں مقیم تمام اوورسیز کشمیریوں کیلئے ہر وقت کھلے ہیں: ڈی آئی جی میرپور کامران علی

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

نو تعینات ڈی آئی جی میرپور ڈویژن کامران علی نے کا ہے کہ میرے دروازے دنیا بھر میں مقیم تمام اوورسیز کشمیریوں کے لیے ہر وقت کھلے ہیں اور ان کے جائز مسائل کے حل کے لیے میں اپنی تمام تر پیشہ ورانہ صلاحیتوں، تجربے اور وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے بھرپور کردار ادا کروں گا۔

ان خیالات کا اظہار ڈی آئی جی پولیس میرپور ڈویژن کامران علی نے جنگ لندن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز کشمیری ہمارے معاشرے کا نہایت اہم اور قابلِ فخر حصہ ہیں۔ وہ ناصرف اپنے اہلِ خانہ کی کفالت کرتے ہیں بلکہ اپنی محنت سے وطنِ عزیز کی معیشت کو بھی مضبوط بناتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز کشمیریوں کی بھیجی گئی ترسیلاتِ ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں، اس لیے ان کی خدمات کا اعتراف کرنا اور ان کے مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔

کامران علی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بیرونِ ملک مقیم کشمیریوں کو درپیش جائیداد، قانونی پیچیدگیوں، قبضہ مافیا، اور دیگر نوعیت کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز کشمیری اکثر اپنے وطن سے دور ہونے کی وجہ سے بعض مشکلات کا شکار ہو جاتے ہیں لیکن آزاد کشمیر پولیس ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک مضبوط اور فعال ادارے کے طور پر ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز کشمیریوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری مشترکہ زمہ داری ہے اور اس حوالے سے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی فرد یا گروہ کو یہ اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ قانون کو ہاتھ میں لے یا اوورسیز کشمیریوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالے۔ قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، اور انصاف کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈی آئی جی میرپور ڈویژن نے کہا کہ آزاد کشمیر پولیس جدید خطوط پر استوار ہو رہی ہے جہاں شفافیت، احتساب اور فوری رسپانس کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر نظام متعارف کروائے جا رہے ہیں۔

کامران علی نے بتایا کہ شکایات کے اندراج اور ان کے فوری ازالے کے لیے خصوصی سیلز مقرر کیے جا رہے ہیں تاکہ اوورسیز کشمیری بلاجھجھک اپنی شکایات درج کروا سکیں اور انہیں بروقت انصاف فراہم ہو۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اوورسیز کشمیریوں کے ساتھ بہتر روابط قائم کرنے کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، ہیلپ لائنز اور دیگر ذرائع کو مزید فعال بنایا جا رہا ہے تاکہ دنیا کے کسی بھی کونے میں موجود کشمیری اپنے مسائل براہِ راست متعلقہ حکام تک پہنچا سکیں۔

کامران علی نے مزید کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اوورسیز کشمیریوں کے اعتماد کو بحال رکھنا ہماری ترجیح ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ ہر کیس کو میرٹ پر دیکھا جائے گا اور انصاف کی فراہمی میں کسی قسم کی تاخیر یا جانبداری کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز کشمیری جہاں بھی رہتے ہوں، ان کے دل ہمیشہ اپنے وطن کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور آزاد کشمیر پولیس ان کے اس تعلق کو مزید مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کرتی رہے گی۔

کامران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی خدمت، قانون کی حکمرانی اور انصاف کی فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری، خلوص اور عزم کے ساتھ نبھاتے رہیں گے۔

انہوں نے اوورسیز کشمیریوں کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل، ان کی عزت اور ان کے حقوق کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، اور وہ بلاخوف و خطر اپنے وطن سے جڑے رہیں آزاد کشمیر پولیس ہر قدم پر ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید