وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ اور ان کے وفد سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی، ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا، پاک ایران دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں ایرانی وفد نے مذاکرات سے متعلق اپنے موقف سے آگاہ کردیا۔
ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک ہوئے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا وزیراعظم ہاؤس میں خیر مقدم کیا، ایرانی وزیرخارجہ کی وزیراعظم سے ملاقات تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ملاقات کے دوران دوسرے سینئر حکام بھی موجود تھے، وزیراعظم نے خطے اور اس کے باہر امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیا۔