لاہور (این این آئی )پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ چوہدری نثار گیس والے غبارے سے بھی ہلکے ہیں۔چوہدری نثار حکومت میں ہیں ،میرے پاس اگر ایل پی جی کا غیر قانونی کوٹہ ہے تو منسوخ کیوں نہیں کرتے؟حکومت پانامہ لیکس سے خوفزدہ ہے لیکن یہ معاملہ منطقی انجام تک پہنچے گا ۔ ایک انٹر ویو میں اعتزاز احسن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہ ہونے پر بہت پہلے بات کر چکی ہے ۔پنجاب میں کوئی آپریشن نہیں ہو گا اور نہ ہی دکھائی دے رہا ہے ، کیا رینجرز نے ایل ڈی اے کی کرپشن کی فائلیں اٹھائی ہیں ، کا لعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والوں پر ہا تھ ڈالا گیا ہے؟ ۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب ایک تجویز تھی جو اب ٹارگٹ پر ہے ، نیشنل ایکشن پلان آپریشن ضرب عضب کیلئے ماحول بنا نے کیلئے تھا۔پنجاب میں کالعدم تنظیمیں آزادی سے کا م کر رہی ہیں ۔ چوہدری نثار کو اپنی ناکامی اور کارکردگی پر بات کرنی چاہیے تھی ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بے وقوف ہی چوہدری نثار کے پاس پیپلزپارٹی کا پیغام لے کر جائے گا،چوہدری نثار نے بیان سے متعلق بناوٹی بات کی ہے ۔