• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان آرٹس کونسل میں آرٹ گیلری قائم کی جائیگی، محمد علی کھوکھر

ملتان (سٹاف رپورٹر) چیئرمین ایم ڈی اے و ممبر صوبائی اسمبلی محمد علی کھوکھر نے کہا ہے کہ یہ خطہ ایک منفرد تہذیب ، ثقافت اور فن کا علمبردار ہے جسے فروغ دیکر نفرت کی دیواروں کو گرا کر وطن عزیز کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے، ملتان آرٹس کونسل ایک ثقافتی اثاثہ ہے، لیکن ماضی میں اسے سیاسی جلسوں کیلئے استعمال کیا گیا جس سے آرٹ اور ثقافت کے فروغ کے راستے مسدود کر دئیے گئے،یہ بات انہوں نے ملتان آرٹس کونسل کی تزئین و آرائش کے افتتاح کے موقع تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی،انہوں  نے کہا کہ آرٹس کونسل کی خوبصورت عمارت کو تعمیر کیا گیا لیکن اسے سیاسی اکھاڑہ بنا دیا گیا،ایم ڈی اے انتظامیہ نے ایک کروڑ 40لاکھ روپے کی رقم خرچ کر کے اسے خوبصورت  بنا دیا ہے  یہاں  آرٹ گیلری کو مستقل طور پر قائم کیا جائے گا ،فنکاروں اور ہنرمندوں پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی،ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے الطاف حسین ساریو نے  بتایا کہ ملتان آرٹس کونسل چمگادڑوں کا بسیرا بن چکا تھا، کولنگ سسٹم خراب اور فرنیچر تباہ ہو گیا تھا ، کمشنر ملتان  نے اس فن و ثقافت کے مرکز کی تزئین و آرائش کی ہدایات جاری کیں ، نیا اے سی پلانٹ نصب کیا گیا اور کارپیٹنگ کی گئی ہے ،ملتان آرٹس کونسل کے افتتاح کے موقع پرجشن آزادی کے حوالے سے معروف ہنر مندوں کی طرف سے کڑھائی ، شیشہ ورک ، ظروف سازی، بلیو پاٹری ، بون ورک اور کیمل سکن کے سٹال لگائے گئے تھے اور خطاطی اور مصوری کی نمائش کا اہتمام کیا گیا تھا  اوراس موقع پرجھومراور ڈاچی ڈانس کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔
تازہ ترین