• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمرانوں نے قبلہ درست نہ کیا تو ملک بڑے سانحے سے دوچار ہوسکتا ہے، سراج الحق

لاہور(نمائندہ خصو صی،نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کے لیے اللہ تعالیٰ کا خاص انعام ہے جس کے لیے مسلمانان برصغیر نے لازوال اور بے مثال قربانیاں دیں  لیکن قائداعظمؒ کی آنکھیں بند ہوتے ہی پاکستان ان سیکولر اور لبرل لوگوں کے ہتھے چڑھ گیا جن کا نہ کوئی نظریہ تھا اور نہ ہی وہ پاکستان کے حصول کے مقاصد سے آشناتھے ۔منصورہ میں یوم پاکستان کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ دولت کی بنیاد پر پاکستان کے اقتدار پر قابض حکمرانوں نے قوم سے بے وفائی اور پاکستان کے نظریے سے غداری کی ۔ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان دو لخت ہوا اور اسے اس کی منزل اسلامی انقلاب سے محروم کر دیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد زندہ لاشوں کا قبرستان بن چکاہے جہاں زندگی کی کوئی حرارت اور علامت نظر نہیں آتی ۔ آج اسلام و پاکستان دشمن قوتوں نے ہمیں چاروں طرف سے گھیررکھاہے ۔ بھارت پاکستان کی سلامتی سے کھیلنا چاہتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے اپنا قبلہ درست نہ کیا اور خواب غفلت سے بیدار نہ ہوئے تو ملک کسی بڑے سانحہ سے دوچار ہوسکتاہے  ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کا مستقبل روشن اور اسلام سے وابستہ ہے جو لوگ پاکستان کو سیکولر بناناچاہتے ہیں انہیں کسی دوسرے ملک چلے جاناچاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری پاکستان کی تکمیل اور بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ ہم ا نہیں مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہیں ۔  انہوں نے کہاکہ ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جس میں قرآن و سنت کی بالادستی ہو ۔ وزیراعظم اذان دے اور امامت کے لیے صدر پاکستان آگے بڑھیں ، چیف جسٹس کے ہاتھ میں انگریز کے قانون کے بجائے قرآن پاک ہو۔ امیر جماعت اسلامی  سینیٹر سراج الحق آج 15 اگست کو بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کے لیے مظفر آباد سے چکوٹھی تک ایک بڑے آزادی کارواں کی قیادت کریں گے جس کے ذریعے کشمیر ی عوام کو واضح پیغام دیا جائے گا کہ وہ جدوجہد آزادی میں تنہا نہیں ہیں ۔ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی پشت پر ہے ۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے جوق در جوق مظفر آباد پہنچیں اور آزادی کارواں شرکت کریں ۔سمبڑیالسےنامہ نگار کے مطابق امیر جماعت اسلامی   سینیٹر سراج الحق اور سپریم کمانڈر حز ب المجاہدین  صلاح الدین نے نظریہ پاکستان تھنکر فورم کے زیر اہتمام نجی میرج ہال میں ’’جدوجہدآزادی کشمیر اورپاکستان‘‘کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور آزادی کشمیر کے بغیر ملک پاکستان نامکمل ہے حزب المجاہدین کے شیر دل نوجوان برہانی وانی نے شہادت دے کر آزادی کشمیر کی جدوجہد کو تقویت دی ہے اورآزادی کشمیر کی جدوجہد میں نئی روح پھونکی ہے ، ان کا کہنا تھا کہ 36 روز سے ساڑھے 7لاکھ بھارتی بھیڑے نہتے کشمیری مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھا رہے ہیں اورآزادی کشمیر کی جدوجہد کو روکنے کے لیے ہر طرح کے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں لیکن افسوس صرف اس بات کا ہے کہ نام نہاد انسانی حقوق کی تنظیمات اور عالمی برادری کی خاموشی سب سے زیاد ہ تکلیف دہ ہے اور اس سے بڑ ھ کر ہمارے حکمران جو کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے کا نعرہ تو لگاتے ہیں اورخود کوکشمیر ی کہتے ہیں لیکن ان کا کشمیری بھائیوں کے حوالہ سے کردار کی جگہ نظر نہیں آرہا ،سینیٹر سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی بقاء ،معیشت ، تجارت کا سارا دارمدار وادی کشمیر سے وابستہ ہے  ۔
تازہ ترین