امریکی ایوان کے نمائندگان نے محکمہ داخلی سلامتی کی فنڈنگ کا بل منظور کر لیا ہے جس کے بعد 11 ہفتوں سے جاری جزوی حکومتی تعطل ختم ہو گیا ہے، بِل پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دستخط بھی کر دیے ہیں۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ بل سینیٹ سے پہلے ہی منظور ہو چکا تھا تاہم اس میں امیگریشن اور کسٹمز انفورسمنٹ اور کسٹمز و بارڈر پروٹیکشن کو شامل نہیں کیا گیا، ان اداروں کے لیے پہلے سے فنڈنگ موجود ہے۔
تعطل کے دوران محکمے کے کئی شعبے شدید مالی دباؤ کا شکار رہے جبکہ ہوائی اڈوں پر طویل قطاریں دیکھنے میں آئیں اور کئی اہلکار بغیر تنخواہ کے کام کرتے رہے، قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے کے بھی متاثر ہونے کے خدشات بڑھ گئے تھے۔
ریپبلکن اسپیکر مائیک جانسن نے ابتداء میں بِل کی مخالفت کی تھی لیکن صدر ٹرمپ کی حمایت کے بعد اسے ووٹنگ کے لیے پیش کیا گیا۔
محکمہ کے سربراہ مارک وین ملن نے بِل کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے تعطل کا ذمہ دار ڈیموکریٹس کو قرار دیا ہے جبکہ ڈیموکریٹ رہنما زوئی لوفگرین نے کہا ہے کہ اب ضروری ہے کہ امیگریشن اداروں کو بھی قانون کے مطابق جوابدہ بنایا جائے۔
واضح رہے کہ یہ تعطل امیگریشن پالیسیوں پر اختلافات کے باعث شروع ہوا تھا جہاں ڈیموکریٹس نے اصلاحات کے بغیر فنڈنگ کی مخالفت کی تھی۔